وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے پاکستان ٹوبیکو کمپنی کے وفد کی ملاقات، تمباکو صنعت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال

2

اسلام آباد، 11جون(اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے پاکستان ٹوبیکو کمپنی (پی ٹی سی) کے وفد نے ملاقات کی، جس میں تمباکو صنعت سے متعلق مختلف امور، سرمایہ کاری کے فروغ، کاروباری ماحول کی بہتری اور اقتصادی سرگرمیوں کے استحکام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وفد نے صنعت کی جانب سے بعض تجاویز پیش کیں اور کاروباری شعبے کی ترقی کے لیے حکومتی اقدامات کو سراہا۔ اس موقع پر غیر قانونی تجارت کے خلاف جاری کارروائیوں کے مثبت اثرات پر بھی گفتگو ہوئی اور اس سلسلے میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ دستاویزی معیشت کا فروغ، سرمایہ کاری میں اضافہ، روزگار کے مواقع کی فراہمی اور پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے اہم کردار ادا کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی جغرافیائی اہمیت اور اقتصادی امکانات کے باعث سرمایہ کاری کے وسیع مواقع رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کاروبار دوست پالیسیوں اور نجی شعبے کے ساتھ مؤثر روابط کے ذریعے ملکی معیشت کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔

جام کمال خان نے وفد کو یقین دلایا کہ صنعت کی جانب سے پیش کی جانے والی تجاویز کا جائزہ لیا جائے گا اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مشاورت کے ذریعے مناسب پیش رفت کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے پی ٹی سی کو اپنی سفارشات باضابطہ طور پر وزارت تجارت کو جمع کرانے کی بھی ہدایت کی۔

وزیر تجارت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وزارت تجارت برآمدات کے فروغ، سرمایہ کاری کے حصول اور کاروباری سرگرمیوں کے استحکام کے لیے نجی شعبے کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گی۔