پشاور،12 جون )اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سی ایم ایچ پشاور کا دورہ کیا اور پاک فوج اور فیڈرل کانسٹیبلری کے زخمی اہلکاروں کی عیادت کی۔
وزیرداخلہ محسن نقوی فرداً فرداً زخمی اہلکاروں کے پاس گئے، ان کی خیریت دریافت کی اور علاج معالجے کے بارے میں ڈاکٹرز سے معلومات لیں۔وزیر داخلہ نے پاک فوج اور ایف سی اہلکاروں کے جذبے اور فرض شناسی کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ نے جوانمردی سے فتنہ الخوارج کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا، آپ قوم کے ہیرو ہیں، ہم سب کو آپ پر فخر ہے۔
محسن نقوی نے زخمی اہلکاروں کے بلند حوصلے کی تعریف کی اور کہا کہ آپ جیسے بہادر سپوتوں کے ہوتے ہوئے دشمن کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہو سکتی۔
اس موقع پر خیبرپختونخوا کے چیف سیکرٹری شہاب علی اور آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری نذیر احمد گاڑا بھی موجود تھے۔











