اسلام آباد، 30 جون (اے پی پی): وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے راولپنڈی کے راجہ بازار کا دورہ کیا جہاں تاجر برادری نے ان کا شاندار استقبال کیا۔ انہوں نے اپ گریڈڈ ماڈل راجہ بازار کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور منصوبے کی رفتار اور معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ راجہ بازار کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی کاوشوں اور وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے مطابق جدید ماڈل بازار میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے تاجروں اور شہریوں سے خطاب کرتے ہوئے عوامی خدمت، راولپنڈی کی ترقی اور پاکستان کی خوشحالی کے عزم کا اعادہ کیا۔
محمد حنیف عباسی نے کہا کہ راولپنڈی کی تعمیر و ترقی اور عوامی سہولیات میں بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اپ گریڈڈ ماڈل راجہ بازار کا افتتاح جلد کیا جائے گا اور یہ منصوبہ شہریوں اور تاجر برادری کو جدید سہولیات کی فراہمی میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔











