اسلام آباد، 16 جون (اے پی پی): پاکستان اور قازقستان کے درمیان باکسنگ کے شعبے میں تاریخی تعاون کا باقاعدہ آغاز ہو گیا جس کے تحت قازقستان کے دو کوچز ڈویلپمنٹ کلینک کیلئے اسلام آباد پہنچ گئے جو پاکستانی کوچز اور باکسرز کو جدید سکلز اور ٹریننگ کرائیں گے۔
پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے صدر لیفٹیننٹ کرنل (ر) ناصر اعجاز تنگ نے پاکستان میں قازقستان کے سفیر یرژان کسٹافن اور فیڈریشن کے سیکریٹری میجر عرفان یونس کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ کے تعاون سے رواں سال طے پانے والی مفاہمتی یادداشتوں کے نتیجے میں یہ شراکت داری ممکن ہوئی ہے، جس کے تحت قومی کھلاڑیوں اور کوچز کو قازقستان کے عالمی سطح کے باکسنگ نظام سے سیکھنے، اعلیٰ معیار کے تربیتی ماحول، بین الاقوامی مقابلوں کی منظم تیاری اور بہترین اسپارنگ پارٹنرز کے ساتھ پریکٹس کے مواقع میسر آئیں گے۔ اس موقع پر قازقستان کے سفیر یرژان کسٹافن نے پاکستان کے بے پناہ باکسنگ ٹیلنٹ کی تعریف کرتے ہوئے اپنے ملک کے مکمل تعاون کا اعادہ کیا اور کہا کہ قازقستانی کوچز کی آمد محض ایک تربیتی پروگرام نہیں بلکہ پاکستانی باکسنگ کے لیے ایک نئے اور روشن باب کا آغاز ہے جو خطے میں کھیلوں کے فروغ اور دونوں برادر ممالک کے ادارہ جاتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔











