پاکستان نے ہر فورم پر کشمیریوں کا مقدمہ بھرپور انداز میں لڑا ہے؛ رانا قاسم نون

1

اسلام آباد،16جون (اے پی پی):پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رانا قاسم نون نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے اور پاکستان نے ہر فورم پر کشمیریوں کا مقدمہ بھرپور انداز میں لڑا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمیٹی کے ممبران کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رانا قاسم نون نے کہا کہ  مٹھی بھر عناصر نے کشمیریوں کے جذبات کے ساتھ کھیلا جو آزاد کشمیر کا امن خراب کرنے کے درپے ہیں، معرکہ حق میں ہزیمت کی شکار مودی سرکار پاکستان میں پراکسیز میں ملوث ہے۔انہوں نے کہا کہ  مہاجرین کی نشستوں کے خاتمے کا مطالبہ کشمیر کاز کے خلاف ہے، دشمن کو پاکستان کی خطے میں امن کیلئے ثالثی کا کردار اور مقبولیت ہضم نہیں ہو رہی، کشمیر تقسیم برصغیر کا نامکمل ایجنڈا ہے، پاکستان نے کشمیر کیلئے جنگیں لڑی ہیں۔

پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رانا قاسم نون نے کہا کہ 78 سال میں جس قدر پاکستان کو اس وقت دنیا میں سفارتی سطح پر توجہ حاصل ہوئی ہے، پاکستان کیلئے یہ تاریخی لمحہ ہے، عالمی برادری کی جانب سے پاکستان پر خصوصی توجہ مرکوز ہے، کامیاب ملٹری ڈپلومیسی پر فیلڈ مارشل کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔انہوں نے  کہا  کہ  وزیراعظم اور وزیر خارجہ کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہیں ،یہ معمولی کامیابی نہیں ہے، پاکستان سفارتی ، سیاسی سطح پر اپنی بلندیوں کو چھو رہا ہے اور پاکستان نے اپنے آپ کو منوایا ہے خواہ وہ معرکہ حق میں فتح ہو یا اس خطے میں امن کے حوالے سے کردار ہو ،اس میں کوئی دوسری رائے نہیں کہ پاکستان نے اپنے آپ کو اس خطے کی سپرپاور منوایا ہے۔

رانا قاسم نون نے کہا کہ ہم نے مودی کے غرور اور تکبر کو خاک میں ملایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج خلیج میں جو مفاہمت ہو رہی ہے اس میں پاکستان کا کلیدی کردار ہے اس معاہدے کا نام بھی‘‘معاہدہ اسلام آباد’’ رکھا گیا ہے، ہمارے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل دنیا میں امن کے معمار ثابت ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے اندرونی مسائل کو بھی حل کرے گا، اقتصادی اشاریے یہ بتا رہے ہیں کہ پاکستان اس خطے کی معاشی طاقت بنے گا۔

 رانا قاسم نون نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ شہداء کا ورثہ ہے، یہ پاکستان کے سفارتی  فرنٹ پر کور ایشو ہے، کشمیریت اور پاکستانیت یکجان دو قالب ہیں، کشمیر سیاسی، سماجی ، مذہبی اور تاریخی اعتبار سے پاکستان کا حصہ اور تقسیم برصغیر کا نامکمل ایجنڈا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے، اس موقع پر حالیہ تصادم کے دوران جاں بحق ہونے والے کشمیریوں اور سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں کیلئے فاتحہ خوانی کرائی گئی۔