چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان کی اہم پریس کانفرنس

5

گلگت، 04جون (اے پی پی): چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان (تمغہ شجاعت) نے ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں عام انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح انتخابات کو پرامن، آزاد، منصفانہ اور صاف،شفاف بنانا ہے تاکہ عوام کا جمہوری حق محفوظ رہے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات ایک  قومی فریضہ اور عوام کی امانت ہیں، جنہیں امانت داری کے ساتھ حقیقی نمائندوں تک پہنچانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ 10 اپریل کو جاری ہونے والے انتخابی اعداد و شمار بالکل درست ہیں،اسی  کے مطابق ہی انتخابات کا انعقاد کیا جائے گا۔

چیف الیکشن کمشنر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں اور بے بنیاد پروپیگنڈے پر کان نہ دھریں بلکہ حقائق کو مدنظر رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل کے حوالے سے اگر کسی کو تحفظات یا شکایات ہیں تو وہ قانونی طریقہ کار کے تحت الیکشن کمیشن سے رجوع کرے، تمام جائز تحفظات کا ازالہ کیا جائے گا۔

راجہ شہباز خان نے خبردار کیا کہ انتخابات کے دوران امن و امان کو سبوتاژ کی کوشش کرنے یا قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال پیدا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہر ووٹر کو اپنے حق رائے دہی کے استعمال کا مکمل حق حاصل ہے اور الیکشن کمیشن نے تمام شہریوں کو آزادانہ طور پر ووٹ ڈالنے کے لیے مساوی مواقع فراہم کیے ہیں۔ قانون سب کے لیے یکساں ہے اور کسی بھی شخص کو بلاجواز گرفتار یا ہراساں نہیں کیا گیا۔

چیف الیکشن کمشنر نے مزیدکہا کہ انتخابی مہم کے سلسلے میں گلگت بلتستان آنے والی اہم شخصیات نے این او سی حاصل کیا ہے اور وہ مقررہ شرائط کے تحت اپنی انتخابی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض عناصر بلاوجہ سازشی ماحول پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جو کسی کے مفاد میں نہیں۔ ہمارے مہمانوں کا خیرمقدم ہے، تاہم تمام سیاسی شخصیات کو قانونی حدود اور ضابطہ اخلاق کے اندر رہتے ہوئے سرگرمیاں انجام دینا ہوں گی۔

انہوں نے تانگیر واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے انکوائری جاری ہے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔راجہ شہباز خان نے مزید کہا کہ اگر کوئی سرکاری ملازم انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سیاسی سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے گی، جبکہ سرکاری گاڑیوں کے غیرقانونی استعمال کی صورت میں متعلقہ گاڑی کو تحویل میں لے لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان پولیس ایک بہادر، نڈر اور پیشہ ور فورس ہے۔ اگرچہ نفری کی محدود تعداد کے باعث دیگر علاقوں سے اضافی اہلکاروں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں، تاہم اس کا مقصد صرف انتخابات کے دوران عوام کے جان و مال کا تحفظ اور پُرامن ماحول کو یقینی بنانا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے اس اس حوالے سے مزید بتایا کہ الیکشن کمیشن تمام اداروں کے تعاون سے شفاف، آزاد اور پُرامن انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائے گا۔اس موقع پر صوبائی الیکشن کمشنر عابد رضا بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔