ملتان ،26 جون (اے پی پی): یومِ عاشورہ کے موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 ڈاکٹر حسین میاں نے حرم گیٹ چوک میں قائم مرکزی ریسکیو بیس کیمپ کا دورہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے مرکزی بیس کیمپ میں کیے گئے ریسکیو انتظامات، ایمرجنسی رسپانس سسٹم، طبی سہولیات اور ڈیوٹی پر تعینات ریسکیو اہلکاروں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران ڈاکٹر حسین میاں نے مریضوں اور عزاداروں کو فراہم کی جانے والی ابتدائی طبی امداد کے عمل کا معائنہ کیا اور موقع پر موجود ریسکیو عملے سے بریفنگ بھی لی۔
انہوں نے ایمبولینسز، طبی آلات اور ضروری ادویات کی دستیابی کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام اہلکار کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت الرٹ رہیں اور عوام کو بروقت، محفوظ اور مؤثر ایمرجنسی سروسز کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران ریسکیو 1122 کے اہلکار عزاداروں کی جان و مال کے تحفظ اور فوری طبی امداد کی فراہمی کے لیے مکمل طور پر متحرک ہیں، جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری رسپانس کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔











