آئندہ مالی سال کا بجٹ گزشتہ دو برسوں کے دوران کیے گئے اصلاحاتی اقدامات اور معاشی استحکام کی کوششوں کا تسلسل ہے؛وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ کا پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس سے خطاب
اسلام آباد،13جون(اے پی پی ): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ گزشتہ دو برسوں کے دوران کیے گئے اصلاحاتی اقدامات اور معاشی استحکام کی کوششوں کا تسلسل ہے، جس کا مقصد عوامی ریلیف اور پائیدار اقتصادی ترقی کو فروغ دینا ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی کے ہمراہ پوسٹ بجٹ پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے مالیاتی نظم و ضبط، شفافیت اور انتظامی اصلاحات کے ذریعے مختلف شعبوں کے لیے گنجائش پیدا کی، جس کے نتیجے میں عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات کو آگے بڑھایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسیوں کا مقصد معیشت کو برآمدات پر مبنی ترقی کی جانب گامزن کرنا اور مختلف طبقات کے لیے سہولیات اور مواقع میں اضافہ کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشی سرگرمیوں کے فروغ سے روزگار، سرمایہ کاری اور صنعتی ترقی کو تقویت ملتی ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ ٹیکس نظام میں بہتری، شفافیت کے فروغ اور جدید نظام کے استعمال سے محصولات کے انتظام کو مزید مؤثر بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی توجہ عوامی فلاح، سماجی شعبوں کی بہتری اور معیشت کے استحکام پر مرکوز ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت، ہاؤسنگ اور دیگر ترقیاتی شعبوں میں اقدامات کے ذریعے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جبکہ معیشت کی بہتری کے لیے جاری اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔











