اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات کا اجلاس

4

اسلام آباد، 8 جولائی (اے پی پی): سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں کمیٹی کی چیئرپرسن سینیٹر قرۃ العین مری کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت جاری بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں، نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کو فراہم کیے گئے کیش ڈویلپمنٹ لونز (سی ڈی ایل) اور وزیراعظم کے قومی صحت پروگرام پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔

این ایچ اے حکام نے کمیٹی کو مختلف ترقیاتی منصوبوں، مالیاتی انتظامات اور جاری موٹروے منصوبوں پر بریفنگ دی۔ کمیٹی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بڑے شاہراہی منصوبوں، مالیاتی امور اور منصوبوں پر پیش رفت سے متعلق جامع رپورٹ آئندہ اجلاس میں پیش کی جائے۔

اجلاس میں حیدرآباد۔سکھر (ایم-6) موٹروے، سمبڑیال۔کھاریاں موٹروے، راولپنڈی رنگ روڈ، این-55 اور دیگر منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔کمیٹی نے وزیراعظم کے قومی صحت پروگرام پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا۔ وزارت قومی صحت کے حکام نے بتایا کہ پروگرام کے تحت اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان، پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں صحت کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ سندھ میں اس حوالے سے مشاورت جاری ہے۔

حکام نے بتایا کہ پروگرام کے تحت مستحق خاندانوں کو سٹیٹ لائف انشورنس کے ذریعے منظور شدہ سرکاری و نجی ہسپتالوں میں علاج کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے، جس میں مختلف سنگین بیماریوں اور اہم طبی آپریشنز کا علاج بھی شامل ہے۔کمیٹی نے بنیادی صحت کی سہولیات کو مزید مؤثر بنانے، صحت کے شعبے میں اصلاحات جاری رکھنے اور وزیراعظم کے قومی صحت پروگرام کے مؤثر اور پائیدار نفاذ کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

اجلاس میں وزارت منصوبہ بندی، وزارت خزانہ، وزارت مواصلات، این ایچ اے، وزارت قومی صحت اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں ایک ایجنڈا آئٹم آئندہ اجلاس تک مؤخر کر دیا گیا۔