انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز میں روانڈا کے یومِ آزادی کی تقریب

5

اسلام آباد،07جولائی (اے پی پی ): انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد کے سینٹر فار افغانستان، مشرقِ وسطیٰ و افریقہ  نے پاکستان افریقہ انسٹی ٹیوٹ فار ڈویلپمنٹ اینڈ ریسرچ  کے اشتراک سے روانڈا کے یومِ آزادی کی مناسبت سے ایک تقریب کا اہتمام کیا۔ تقریب کا آغاز پاکستان اور روانڈا کے قومی ترانوں سے ہوا۔تقریب سے آئی ایس ایس آئی کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین سفیر خالد محمود، پاکستان میں روانڈا کی ہائی کمشنر ہریریمانا فاتو، روانڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر محمد نعیم خان اور کیمیا کی ڈائریکٹر ڈاکٹر آمنہ خان نے خطاب کیا، جبکہ تقریب کے مہمانِ خصوصی سینیٹر مشاہد حسین سید تھے۔

سفیر خالد محمود نے کہا کہ روانڈا کا یومِ آزادی 1994 میں توتسی نسل کشی کے المناک سانحے کے بعد ملک کے امن، مفاہمت اور ترقی کے غیر معمولی سفر کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان باہمی احترام اور مشترکہ اہداف کی بنیاد پر روانڈا کے ساتھ بڑھتے ہوئے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے تاریخی روابط کا ذکر کرتے ہوئے روانڈا میں اقوامِ متحدہ کے امن مشنز اور نسل کشی کے بعد بحالی کی کوششوں میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔

 انہوں نے پاکستان کے سابق سیکریٹری خارجہ شہریار ایم خان کو خراجِ تحسین پیش کیا، جنہوں نے روانڈا کی بحالی کے اہم مرحلے میں اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے خصوصی نمائندے کے طور پر خدمات انجام دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ روانڈا میں امن، استحکام اور مفاہمت کے لیے پاکستان کے دیرینہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

سینیٹر مشاہد حسین سید نے روانڈا کی ثابت قدمی، مفاہمت اور سماجی و اقتصادی ترقی کے سفر کو سراہتے ہوئے اسے استحکام، جدیدیت اور ڈیجیٹل ترقی کا نمونہ قرار دیا۔ انہوں نے افریقی آزادی کی تحریکوں کے لیے پاکستان کی دیرینہ حمایت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ اعلیٰ سطحی سفارتی روابط کے بعد پاکستان اور روانڈا کے تعلقات میں مزید تیزی آئی ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دوطرفہ تعاون، عوامی روابط اور افرو۔ایشیائی یکجہتی کو مزید فروغ دیا جائے گا۔