ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی کا پاکستان مونومنٹ کا دورہ،یادگار شہداء پر پھول چڑھائے

7

اسلام آباد، 21 جولائی (اے پی پی): ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے اپنے دورۂ پاکستان کے دوران وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ پاکستان مونومنٹ کا دورہ کیا۔فیڈرل کانسٹیبلری کے چاق و چوبند دستے نے ایرانی وزیر داخلہ کو آمد پر سلامی پیش کی۔

اسکندر مومنی نے یادگار شہداء پر حاضری دی، پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے پاکستان کے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

ایرانی وزیر داخلہ نے پاکستان مونومنٹ کا تفصیلی دورہ کیا اور انہیں یادگار کی تاریخی و تعمیراتی اہمیت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے یادگار شہدا اور پاکستان مونومنٹ کی قومی اہمیت کو سراہا۔

دورے کے دوران ایرانی وزیر داخلہ نے شکرپڑیاں سے اسلام آباد شہر اور مارگلہ پہاڑی سلسلے کا نظارہ بھی کیا۔

اس موقع پر آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری ریاض نذیر گاڑا، ڈی آئی جی اسلام آباد اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔