جہلم ،4 جولائی ( اے پی پی): اپنی زمین اپنا گھر پروگرام کے تحت 600 سے زائد شہریوں کو مفت زمین کے الاٹمنٹ لیٹر مل گئے۔ وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی نے آج 400 سے زائد الاٹیز میں الاٹمنٹ لیٹر تقسیم کیے۔ وزیراعلی مریم نواز شریف کی عوام کو اپنی چھت کا مالک بنانے کی سکیم کے تحت ضلع جہلم کے کل 730 شہریوں کی درخواستیں منظور کی گئیں۔ تین مرلہ زمین کے لیے 600 سے زائد الاٹیوں کو الاٹمنٹ لیٹرز جاری کیے جا چکے ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کہا کہ قائد محمد نواز شریف عوام کو اپنی چھت اپنا گھر دینے کا وعدہ پورا کر رہے ہیں۔ گھر ہر انسان کا بنیادی خواب ہوتا ہے، الحمداللّہ ہم نے وعدہ پورا کر دکھایا، یہی مسلم لیگ(ن) کی روایت ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف پنجاب کے ہزاروں خاندانوں کو گھر فراہم کر چکی ہیں۔
وزیر مملکت نے بتایا کہ ضلع جہلم میں آفیشل آن لائن پورٹل کے ذریعے کل 5,942 درخواستیں موصول ہوئیں۔ نادرا کی تصدیق کے بعد 4,303 درخواست گزاروں کو اہل قرار دیا گیا اور محکمہ مال کی جانچ پڑتال کے بعد شفاف کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے 730 درخواست گزاروں کو کامیاب قرار دیا گیا۔ بزرگ، خواتین اور خصوصی افراد سمیت 600 سے زائد مستحق شہریوں کو الاٹمنٹ لیٹرز مل چکے ہیں۔
بلال اظہر کیانی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے وفاق کی سطح پر ‘پرائم منسٹر اپنا گھر’ کی رعایتی قرض سکیم شروع کی ہے جس کے تحت 5 فیصد کی کم ترین شرح پر 1 کروڑ روپے تک کا قرض بینکوں کے ذریعے دیا جا رہا ہے۔ وزیراعلی پنجاب سکیم کے تحت گھروں کی تعمیر میں مزید مالی مدد کے لیے الاٹیز بینک آف پنجاب سے 15 لاکھ روپے کا بلا سود قرض بھی حاصل کر سکتے ہیں۔
اس موقع پر الاٹیز نے وزیر اعلی مریم نواز شریف اور وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کا شکریہ ادا کیا۔











