ملتان،21 جولائی (اے پی پی): شیخ الاسلام حضرت بہاءالدین زکریا ملتانیؒ کے 787ویں سالانہ عرس کی تقریبات عقیدت و احترام کے ساتھ جاری ہیں۔ اس موقع پر صوبائی سیکرٹری اوقاف پنجاب احسان بھٹہ نے ڈپٹی کمشنر ملتان ڈاکٹر فیصل سلیم کے ہمراہ دربار حضرت بہاءالدین زکریاؒ کا دورہ کیا اور عرس کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔سیکرٹری اوقاف نے دربار شریف، لنگر خانہ، رہنمائی کیمپس اور مختلف ضلعی محکموں کی جانب سے قائم سروس کیمپس کا معائنہ کیا۔ انہوں نے زائرین سے ملاقات کرکے انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات، رہائش، صفائی، سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کے بارے میں دریافت کیا اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔احسان بھٹہ نے اس موقع پر کہا کہ حضرت بہاءالدین زکریا ملتانیؒ نے اس خطے میں علم، روحانیت اور دینِ اسلام کی شمع روشن کی، جبکہ آپؒ کی عظیم روحانی خدمات نے ہزاروں دلوں کو اسلام کی روشنی سے منور کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر زائرین کی سہولت، رہائش، سیکیورٹی، طبی امداد اور دیگر بنیادی انتظامات کو مثالی بنایا گیا ہے۔ شدید گرمی کے پیش نظر ٹھنڈے پانی کی سبیلیں، سایہ دار مقامات اور بہترین رہائشی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ والڈ سٹی اتھارٹی کا جدید لنگر خانہ بھی جلد فعال کر دیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے زائرین کی رہنمائی، ٹرانسپورٹ، سہولت مراکز، صفائی ستھرائی، جراثیم کش اسپرے اور دیگر انتظامات کو مؤثر انداز میں یقینی بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عرس کے دوران سیکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی اور زائرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں۔











