اسلام آباد،25 جولائی ( اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ حکومت باغبانی شعبے کی ویلیو ایڈیشن، سپلائی چین اور برآمدات کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔
ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے وزارتِ تجارت میں پی ایچ ڈی ای سی کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں جام کمال نے فروٹ بیگنگ منصوبہ کھجور، انگور، آڑو اور امرود تک توسیع دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ فروٹ بیگنگ میٹریل کی مقامی تیاری کے لیے نجی شعبے اور کاغذی صنعت سے تعاون بڑھایا جائے۔
پی ایچ ڈی ای سی نے بتایا کہ فروٹ بیگنگ منصوبے سے پاکستانی پھلوں کا معیار اور برآمدی مسابقت میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
جام کمال نے کہا کہ فریز ڈرائنگ اور اسپرے ڈرائنگ ٹیکنالوجیز سے ویلیو ایڈیشن اور برآمدات کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے بلوچستان اور شمالی پاکستان کے پھلوں کے لیے فریز ڈرائنگ منصوبے وسیع کرنے کی ہدایت بھی کی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ مرچ کے کاشتکاروں کے لیے سولر ٹنل ڈرائرز سے معیار اور برآمدات میں اضافہ ہوگا۔جام کمال نے صوبائی ہارٹیکلچر ایکسپوز اور فوڈ ایگ نمائشوں میں پی ایچ ڈی ای سی کی بھرپور شرکت کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ایگزم بینک چھوٹے زرعی پروسیسنگ یونٹس کی مالی معاونت میں فعال کردار ادا کرے۔











