حکومت پاکستان سرمایہ کار دوست، شفاف اور مستحکم کاروباری ماحول کی فراہمی کیلئے پُرعزم ہے، وفاقی وزیر جام کمال خان

4

اسلام آباد، یکم جولائی )اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان سرمایہ کار دوست، شفاف اور مستحکم کاروباری ماحول کی فراہمی کے لیے پُرعزم ہے اور قابلِ تجدید توانائی، ٹیکنالوجی اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتی ہے۔

یہ بات انہوں نے کوریائی پاور کمپنی (KOEN) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کم من ینگ کی قیادت میں آنے والے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں پاکستان کے ہائیڈرو پاور سیکٹر میں کوریائی سرمایہ کاری، سوات میں جاری پن بجلی منصوبوں اور ان کی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد نے بتایا کہ کمپنی سوات میں 229 میگاواٹ اسریت کیڈم اور 238 میگاواٹ کالام اسریت ہائیڈرو پاور منصوبوں پر کام کر رہی ہے، جن کے لیے تقریباً ایک ارب ڈالر کی فنانسنگ کا انتظام بھی کیا جا چکا ہے۔

جام کمال خان نے پاکستان میں کوئن کی مسلسل سرمایہ کاری اور اعتماد کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ منصوبوں سے متعلق امور پر متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل تعاون اور رابطہ یقینی بنایا جائے گا۔

کوریائی وفد نے حکومت پاکستان کے ساتھ مسلسل رابطے کے ذریعے منصوبوں پر پیش رفت کی امید کا اظہار کیا۔