سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے آبی وسائل کا اجلاس، سیلابی صورتحال اور تیاریوں کا جائزہ

3

اسلام آباد،23جولائی(اے پی پی):سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے آبی وسائل کا اجلاس چیئرمین سینیٹر جام سیف اللہ خان کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں ملک میں سیلابی صورتحال، تیاریوں اور متعلقہ اداروں کی جانب سے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں متعلقہ اداروں نے بارشوں اور دریاؤں کی صورتحال، پیشگی اطلاع کے نظام اور مختلف علاقوں میں انتظامات پر بریفنگ دی۔ کمیٹی نے بروقت معلومات کی فراہمی، اداروں کے درمیان مؤثر رابطے اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

کمیٹی نے سیلاب کی نگرانی، پیشگی انتباہ اور اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کے لیے مربوط نظام کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی سفارش کی۔ اجلاس میں آئندہ بھی اس حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لینے اور طویل المدتی منصوبہ بندی پر غور جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

اجلاس میں مختلف متعلقہ اداروں کے نمائندوں اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔