اسلام آباد، 01 جولائی (اے پی پی ): سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق کا اجلاس چیئرمین سینیٹر سید مسرور احسن کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں آئل سیڈ سیکٹر، پاکستان آئل سیڈ ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی اور خوردنی تیل کی درآمدات پر انحصار کم کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں کمیٹی نے خوردنی تیل کی بڑھتی ہوئی درآمدات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مقامی سطح پر تیلدار اجناس کی پیداوار بڑھانے اور درآمدی انحصار کم کرنے کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنانے پر زور دیا۔ وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کے حکام نے بتایا کہ زیتون اور دیگر تیلدار اجناس کی کاشت کے فروغ کے لیے مختلف پروگراموں پر عملدرآمد جاری ہے۔
چیئرمین کمیٹی سینیٹر سید مسرور احسن نے وزارت کو گزشتہ تین برس کے دوران خوردنی تیل کی درآمدات کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مقامی آئل سیڈ پیداوار میں اضافہ اور خوردنی تیل کی درآمدات میں کمی قومی ترجیح ہونی چاہیے تاکہ غذائی تحفظ مضبوط اور درآمدی بوجھ کم کیا جا سکے۔











