اسلام آباد، 06جولائی (اے پی پی): صدرِ مملکت آصف علی زرداری قرغزستان کے شہر چولپان اتا کے اِسی کال بین الاقوامی ہوائی اڈے پہنچ گئے ہیں جہاں قرغز صدر سادیر ژاپاروف نے ان کا پُرتپاک استقبال کیا۔ ہوائی اڈے پر آمد کے موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے 1995ء کے تاریخی دورۂ قرغزستان کے بعد صدرِ مملکت آصف علی زرداری قرغز جمہوریہ کا دورہ کرنے والے پاکستان کے پہلے صدر ہیں اور یہ دورہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے تاریخی دورے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط کے تسلسل کی ایک اہم کڑی ہے۔ دورے کے دوران صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور قرغز صدر سادیر ژاپاروف دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کے تمام شعبوں کا تفصیلی جائزہ لیں گے۔ دونوں رہنماؤں کے مابین ہونے والی ملاقاتوں میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، معدنیات، زراعت، تعلیم، صحت، سیاحت، ڈیجیٹل معیشت اور عوامی روابط کے فروغ پر تعمیری تبادلۂ خیال ہوگا۔ اس کے علاوہ پاکستان اور قرغستان کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور علاقائی روابط کو فروغ دینے کے حوالے سے بھی اہم گفتگو کی جائے گی۔











