علماء و مشائخ اجلاس،امن،استحکام،قومی وحدت،آئین کی بالادستی اور ریاستی اداروں کے استحکام کے لیےغیرمتزلزل عزم کا اعادہ

2

اسلام آباد،17 جولائی (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف  کی زیرِ صدارت  علماء و مشائخ کا اجلاس جمعہ کو منعقد ہوا ۔  اجلاس میں شریک جید علماء کرام، مشائخ عظام اور دینی رہنماؤں نے متفقہ طور اتفاق کیا کہ  پاکستان میں امن، استحکام، قومی وحدت، آئین کی بالادستی اور ریاستی اداروں کے استحکام کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

حکومتِ پاکستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں، مسلح افواج اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ دہشت گردی، انتہاپسندی اور ہر قسم کی تخریبی سرگرمیوں کے خلاف جاری جدوجہد میں مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ علما کرام نے قرار دیا کہ اس حقیقت کا برملا اعتراف کرتے ہیں کہ پاکستان میں امن، سلامتی اور استحکام کے قیام، وطنِ عزیز کی خودمختاری اور جغرافیائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہماری افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی فورسز نے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ پوری پاکستانی قوم ان عظیم قربانیوں کی مقروض ہے اور شہداء و غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں اور واضح کرتے ہیں کہ دہشت گردی، انتہاپسندی، فرقہ واریت اور تشدد کی اسلام میں کوئی گنجائش نہیں۔

 اسلام امن، اعتدال، رواداری اور انسانی جان کے احترام کا دین ہے، لہٰذا ہر وہ عمل جو ریاست، معاشرے یا عوام کے امن کو نقصان پہنچائے، قابلِ مذمت ہے۔تمام مکاتبِ فکر کے علماء و مشائخ سے اپیل کرتے ہیں کہ اپنے خطبات، دروس، بیانات اور دینی اجتماعات کے ذریعے قومی یکجہتی، باہمی احترام، فرقہ وارانہ ہم آہنگی، قانون کی پاسداری اور دہشت گردی کے خلاف قومی بیانیے کو فروغ دیں۔