لاہور: منشیات کے خلاف آگاہی مہم،سائیکل ریلی کا انعقاد

0

لاہور ، 5 جولائی ( اے پی پی): منشیات کے خاتمے اور نوجوانوں میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے ڈرگ ایڈوائزری ٹریننگ حب (DATH) نے ڈپٹی کمشنر آفس لاہور کے اشتراک سے “رائیڈ فار اے کاز” کے عنوان سے سائیکل ریلی کا اہتمام کیا۔

سائیکل ریلی کا آغاز لبرٹی چوک سے ہوا۔ شرکاء نیو اوریگا، صدیق ٹریڈ سینٹر، کنیئرڈ کالج، جیلانی پارک اور جی او آر سے ہوتے ہوئے باغِ جناح پہنچے۔ ریلی میں نوجوانوں، سائیکلسٹس اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے بطور مہمانِ خصوصی ریلی میں شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ منشیات کے خاتمے کے لیے آگاہی، کھیل اور مثبت سرگرمیوں کا فروغ ناگزیر ہے۔ نوجوان نسل کو منشیات سے بچانے کے لیے کھیلوں کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت منشیات کے خلاف مؤثر اور عملی اقدامات کر رہی ہے۔

رانا مشہود احمد خاں نے اعلان کیا کہ آئندہ سائیکلنگ ایونٹس پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے اشتراک سے منعقد کیے جائیں گے۔ 14 اگست کو حکومتی سطح پر بڑے پیمانے پر سائیکلنگ ایونٹ منعقد کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اگست میں چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر میں بڑے کھیلوں کے مقابلے بھی ہوں گے۔

کنسلٹنٹ انسدادِ منشیات مہم سید ذوالفقار حسین نے مہم کے اغراض و مقاصد اور اب تک کی پیش رفت سے شرکاء کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کھیل نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء میں شیلڈز تقسیم کی گئیں اور ان کی خدمات کو سراہا گیا۔اس موقع پر طیب شہزاد، زوہیب احمد، نبیل اعوان، ولید، مدثر اور الیاس خان بھی موجود تھے۔