لاہور، 16 جولائی (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) علی اعجاز کی ہدایت پر ڈینگی سرویلنس اور حفاظتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے ضلعی انسدادِ ڈینگی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبداللہ خان نے کی، جس میں شہر بھر میں ڈینگی کی روک تھام کے لیے جاری اقدامات، فیلڈ سرگرمیوں اور سرویلنس کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو لاہور کے تمام ٹاؤنز میں ڈینگی لاروا کے خاتمے، ہاؤس ہولڈ وزٹس، ان ڈور سرویلنس اور فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی پر بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ شہر کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کاؤنٹرز اور خصوصی وارڈز مکمل طور پر فعال ہیں، جبکہ ڈینگی کے تدارک کے لیے فیلڈ مانیٹرنگ اور تھرڈ پارٹی آڈٹ کا عمل بھی مسلسل جاری ہے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبداللہ خان نے ہدایت کی کہ ڈینگی فیلڈ ٹیمیں ہاؤس ہولڈ وزٹس میں مزید اضافہ کریں اور لاروا کی بروقت نشاندہی اور خاتمے پر خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی کاؤنٹرز اور خصوصی وارڈز کو ہر وقت فعال رکھا جائے تاکہ مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ڈینگی سرویلنس میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ناقص کارکردگی پر شوکاز نوٹس جاری کیے جائیں گے جبکہ فرضی رپورٹنگ کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) علی اعجاز نے کہا کہ انتظامیہ کی مؤثر حکمت عملی اور عوام کے بھرپور تعاون سے ڈینگی کے مکمل خاتمے کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ انسدادِ ڈینگی مہم کو مزید مؤثر اور مربوط انداز میں جاری رکھا جائے تاکہ شہریوں کو اس موذی مرض سے محفوظ رکھا جا سکے۔









