اسلام آباد،12جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون، انصاف و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی خواتین کے بارے میں 9 ویں وزارتی کانفرنس مسلم ممالک کے درمیان تعاون، مکالمے اور مشترکہ مقاصد کے فروغ کا اہم پلیٹ فارم ہے، پاکستان کو اس اہم کانفرنس کے شرکاء کی میزبانی پر فخر ہے۔
اتوار کو اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی خواتین کے کردار سے متعلق 9ویں وزارتی کانفرنس کے شرکاء کے اعزاز میں ثقافتی شام و عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ شام نہ صرف ایک اہم وزارتی کانفرنس کے آغاز کی علامت ہے بلکہ مشترکہ مقصد کے لیے دوست ممالک اور شراکت داروں کے اجتماع کی بھی عکاس ہے۔انہوں نے وزارتِ انسانی حقوق اور حکومتِ پاکستان کی جانب سے تمام معزز مندوبین کا اسلام آباد میں پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ کانفرنس باہمی مکالمے، تعاون اور مشترکہ مقاصد کے فروغ کا اہم موقع فراہم کرے گی۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ استقبالیہ تقریب دیرینہ دوستی، مشترکہ اقدار اور او آئی سی کے اتحاد کے جذبے کو فروغ دینے کا موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ شام رسمی مصروفیات سے ہٹ کر ایک دوسرے سے ملاقات، امتِ مسلمہ کے ثقافتی تنوع کی پذیرائی اور ان مشترکہ اقدار کو اجاگر کرنے کا موقع بھی فراہم کرتی ہے جو تمام رکن ممالک کو باہم منسلک کرتی ہیں ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کو کانفرنس کے شرکاء کی میزبانی پر فخر ہے اور امید ظاہر کی کہ مہمان اپنے قیام کے دوران پاکستانی مہمان نوازی اور ثقافتی ورثے سے بھرپور لطف اندوز ہوں گے۔انہوں نے تمام مندوبین کو ایک بار پھر پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا، کانفرنس کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور تقریب میں شرکت پر شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔











