وزیراعظم سے اقوام متحدہ کے انڈر سیکرٹری جنرل برائے انسانی امور و ایمرجنسی ریلیف کوآرڈینیٹر کی ملاقات

0

 اسلام آباد،15 جولائی ( اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف سے اقوام متحدہ کے انڈر سیکرٹری جنرل برائے انسانی امور و ایمرجنسی ریلیف کوآرڈینیٹر،  ٹام فلیچر نے  وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی ۔

وزیراعظم نے دنیا بھر میں پیچیدہ انسانی بحرانوں سے نمٹنے کے لیے اقوام متحدہ کے ادارہ برائے رابطہ انسانی امور (OCHA) کی جانب سے انجام دی جانے والی گراں قدر خدمات کو سراہا۔ انہوں نے بالخصوص 2022 کے تباہ کن سیلاب کے دوران پاکستان کی معاونت پر  OCHA  کا شکریہ ادا کیا اور ملک میں قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت کو مضبوط بنانے میں ادارے کے تعاون کو قابلِ قدر قرار دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے قومی اور صوبائی اداروں نے گزشتہ برسوں کے دوران موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والی قدرتی آفات سے نمٹنے کی اپنی صلاحیت میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔

 انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث بڑھتے ہوئے خطرات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے تیاری، مزاحمتی صلاحیت اور تمام سطحوں پر باہمی رابطے اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

ٹام فلیچر نے  کہا کہ پائیدار امن ہی جنگوں سے پیدا ہونے والے انسانی اور معاشی بحرانوں سے مؤثر طور پر نمٹنے کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔

ملاقات کے دوران  ٹام فلیچر نے وزیراعظم کو غزہ کی انسانی صورتحال اور وہاں امدادی سرگرمیوں کے دوران OCHA  کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے افغانستان میں انسانی امداد کی فراہمی کے لیے OCHA کی کوششوں میں پاکستان کے مسلسل تعاون کو بھی سراہا۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان عالمی انسانی تعاون کے فروغ، قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاری اور متاثرہ و کمزور طبقات تک امداد کی بروقت فراہمی کے لیے اقوام متحدہ اور OCHA کے ساتھ اپنا قریبی تعاون جاری رکھے گا۔