وزیراعظم شہباز شریف سے کینیڈین وزیر خارجہ انیتا آنند کی ملاقات، دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو وسعت دینے پر اتفاق

6

اسلام آباد، 20 جولائی (اے پی پی): کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر رانا تنویر حسین اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔

 خوشگوار ماحول میں ہونے والی اس ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کینیڈین وزیر خارجہ کو خوش آمدید کہا اور تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، ویکسین کی تیاری، قابل تجدید توانائی اور آٹو موبائل کے شعبوں میں تعلقات کو مزید وسعت دینے پر زور دیا۔

وزیراعظم نے کینیڈین وزیراعظم مارک کارنی کے لیے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا جبکہ کینیڈین وزیر خارجہ نے اپنے وزیراعظم کا خیرسگالی کا پیغام پہنچاتے ہوئے زراعت، معدنیات اور توانائی میں تعاون بڑھانے اور معاہدے کے ذریعے کینیڈین سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کی خواہش کا اظہار کیا۔

ملاقات کے بعد دونوں رہنماؤں نے تجارت اور معدنیات میں وفود کے تبادلے پر اتفاق کیا، جس کے بعد کینیڈا سے پاکستان کو کینولا کی درآمد کے حوالے سے “فائٹو سینیٹری ضوابط” کے پروٹوکول پر دستخط کی تقریب بھی منعقد ہوئی جس پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور کینیڈین وزیر خارجہ انیتا آنند نے دستخط کیے۔