وزیراعظم محمد شہباز شریف سے اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرِ داخلہ اسکندر مومنی کی ملاقات

6

اسلام آباد، 21 جولائی ( اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف سے اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرِ داخلہ اسکندر مومنی نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر سید توقیر شاہ، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری اور اعلیٰ سرکاری حکام بھی موجود تھے۔

وزیراعظم نے اس ماہ کے آغاز میں تہران کے اپنے دورے کا ذکر کرتے ہوئے، جہاں انہوں نے مرحوم سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے جنازے میں شرکت کی تھی، سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای اور صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے لیے اپنی نیک تمناؤں اور احترام کا پیغام پہنچایا۔

وزیراعظم نے خلیج میں حالیہ کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور ایسے اقدامات سے گریز کریں جو خطے میں مزید عدم استحکام کا باعث بن سکتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ایک دیانتدار اور مخلص ثالث اور سہولت کار کے طور پر اپنا کردار جاری رکھے گا، اور خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنے مضبوط عزم کا اعادہ کیا۔

ایران کے وزیرِ داخلہ اسکندر مومنی نے اسلام آباد میں اپنے اور اپنے وفد کے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ایرانی قیادت کی جانب سے وزیراعظم کے لیے نیک خواہشات اور خیرسگالی کا پیغام بھی پہنچایا۔

 انہوں نے کہا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اعلیٰ سرکاری حکام پر مشتمل وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔

ایرانی وزیرِ داخلہ نے وزیراعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ثالثی کی انتھک کوششوں کو سراہا، جن کے نتیجے میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت طے پائی۔ انہوں نے مرحوم سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے جنازے میں شرکت کے لیے وزیراعظم کے تہران کے دورے پر بھی ان کا شکریہ ادا کیا۔