وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے وفد کی ملاقات

3

گلگت، 28جولائی (اے پی پی): وزیر اعلیٰ  گلگت بلتستان امجد حسین نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے پاور سیکٹر میں ان کی دلچسپی اور سرمایہ کاری کے عزم کو سراہا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت نے بین الاقوامی سرمایہ کاری کے فروغ اور سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشن کی سہولت فراہم کرنے کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ (PPP) کے تحت منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گلگت بلتستان میں 4 ہزار میگاواٹ پن بجلی (ہائیڈرو پاور ) پیدا کرنے کی فزیبلٹی رپورٹ مکمل ہو چکی ہیں۔ مستقبل کی توانائی کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے بجلی کے میگا منصوبوں کی بر وقت تعمیر اور تکمیل کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کو فروغ دیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے سرمایہ کاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاور سیکٹر میں سرمایہ کاری سے متعلق اپنی تجاویز (Proposals) متعلقہ محکمے میں جمع کرائیں جہاں سے ابتدائی جانچ کے بعد پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ یونٹ کو سفارشات ارسال کی جائیں گی تا کہ بغیر کسی تاخیر کے سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشن کے تحت تمام سہولیات میسر آسکیں۔