اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے حلقہ سہنسہ سے امیدوار کے ساتھ ہونے والوں رہنماؤں کی شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوۓ کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے پاک فوج کے شہداء سے متعلق غیر ذمہ دارانہ بیانات مناسب نہیں، جذبہ شہادت اور پاکستان سے وفاداری ہی افواج پاکستان کی اصل طاقت ہے، پاک فوج صرف تنخواہ نہیں، وطن سے محبت اور قربانی کے جذبے سے سرحدوں کا دفاع کرتی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ شہداء اور غازیوں کی قربانیوں پر پوری قوم کو فخر ہے، ان کی قدر کرنا ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے۔انھوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے والے رہنماؤں کے اعتماد پر پورا اتریں گے، الیکشن کے بعد بھی کارکنوں اور عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت پر عوام کے اعتماد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے،ماضی کی کارکردگی اور مستقبل کے وژن کی بنیاد پر لوگ مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو رہے ہیں۔
احتجاج ہر شہری کا حق ہے لیکن قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی،حکومت نے عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات پر مذاکرات اور کمیٹی کے ذریعے پیش رفت کی کوشش کی،12 مہاجر نشستوں کے معاملے پر آئینی دلائل دینے کے بجائے مذاکرات کا بائیکاٹ کیا گیا، پاکستان سے وفاداری کے حلف پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔
موٹروے اور ایکسپریس وے منصوبے آزاد کشمیر کی ترقی میں سنگِ میل ثابت ہوں گے۔سہنسہ سمیت مختلف علاقوں سے بڑی سیاسی شخصیات کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کے موقع پر وفاقی وزیر انجنیئر امیر مقام نے تمام رہنماؤں کے گلے میں مفلر پہنا کر پارٹی میں شامل کیا۔











