مظفرآباد، 9 جولائی)اے پی پی): وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام کی قیادت میں “پاکستان ہمیشہ زندہ باد” کے عنوان سے ایک بڑی ریلی کوہالہ پل سے شروع ہوئی، جو مختلف مقامات سے ہوتی ہوئی راڑہ مظفرآباد پہنچی، جہاں یہ ایک بڑے عوامی جلسے میں تبدیل ہوگئی۔ریلی میں ہزاروں افراد نے شرکت کی، جس کے باعث شہر میں قومی جوش و جذبے کا ماحول دیکھنے میں آیا۔ریلی نے خوف کی فضا کو توڑ دیا اور عوام نے بھرپور انداز میں اپنے قومی جذبے اور پاکستان سے والہانہ محبت کا اظہار کیا۔
کوہالہ پل پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مظفرآباد سے امیدوار ثاقب مجید راجہ کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام، پارٹی رہنماؤں اور دیگر مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔
اس موقع پر کارکنوں نے وفاقی وزیر پر گلاب کی پتیاں نچھاور کیں، جبکہ شرکاء ہاتھوں میں پاکستان کے قومی پرچم اور پارٹی پرچم اٹھائے ہوئے تھے۔ استقبال کے بعد گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور دیگر ذرائع نقل و حمل پر مشتمل ایک بڑا قافلہ ریلی کی صورت میں مظفرآباد کی جانب روانہ ہوا۔
راستے بھر مختلف مقامات پر شہریوں نے ریلی کا استقبال کیا، جبکہ شرکاء “پاکستان زندہ باد”، “پاک فوج زندہ باد”، کے نعرے لگاتے رہے۔











