لاہور،27جولائی (اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے منصورہ کا دورہ کیا اور امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان سے ملاقات کی۔اس موقع پر جماعت اسلامی پاکستان کے قائم مقام سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ اور سیکرٹری اطلاعات شکیل احمد ترابی بھی موجود تھے۔
ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال اور علاقائی امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس کے علاوہ عوامی مسائل کے حل سے متعلق امور پر بھی مشاورت کی گئی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی مسلسل کاوشوں سے کشیدگی میں دوبارہ کمی آئی ہے۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے حافظ نعیم الرحمان سے جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم کی رحلت پر اظہار افسوس کیا اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے سوگوار خاندان اور جماعت کے قائدین و کارکنان کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
اے پی پی/ملک/فرح











