اسلام آباد، 22 جولائی (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے فامسن گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جیک چن کی قیادت میں آئے ہوئے اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کے دوران چینی کمپنی کو پاکستان میں زرعی سرمایہ کاری اور جدید اناج ذخیرہ گاہوں (سائلوز) کے قیام کی دعوت دی ہے۔
اجلاس میں زرعی شعبے کی جدید خطوط پر ترقی، اناج ذخیرہ کرنے کے جدید نظام، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے پاک چین دیرینہ دوستی اور زرعی شعبے میں چینی کمپنیوں کے اعتماد کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کا تعاون اب زرعی ترقی، صنعت کاری، ویلیو ایڈیشن اور جدت کے نئے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔
انہوں نے فامسن گروپ کی گزشتہ دو دہائیوں کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ملک میں جدید ہائی ٹیک سائلوز کے قیام کی ضرورت پر زور دیا تاکہ فصلوں کے بعد ہونے والے نقصانات میں کمی اور غذائی تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
رانا تنویر حسین نے پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل(پی اے آر سی) میں جدید سائلو کا پائلٹ ڈیمانسٹریشن منصوبہ قائم کرنے کی تجویز دی اور تکنیکی ٹیم کو کونسل کا دورہ کرنے کی ہدایت کی۔ ملاقات کے دوران انسانی وسائل کی ترقی، مقامی سطح پر زرعی مشینری کی تیاری اور پاکستانی ماہرین کی چین میں تربیت پر بھی اتفاق کیا گیا جبکہ فامسن گروپ نے پاکستان کے ساتھ زرعی ٹیکنالوجی اور سمارٹ ایگریکلچر میں تعاون کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔











