اسلام آباد، 9 جولائی ( اے پی پی): وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ سے آزاد جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے وفد نے ملاقات کی، جس میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے آئندہ انتخابات، جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے احتجاج کے بعد پیدا ہونے والی امن و امان کی صورتحال اور مجموعی سیاسی منظرنامے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے متعدد رہنماؤں نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان بھی کیا۔ ملاقات کے دوران انتخابی و عوامی رابطہ مہم اور پارٹی کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت آزاد جموں و کشمیر میں شفاف، غیر جانبدار اور پرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گی کیونکہ عوام کو آزادانہ رائے کا ماحول فراہم کرنا اور ووٹ کا تحفظ یقینی بنانا جمہوری نظام کی مضبوطی کے لیے ناگزیر ہے۔ وفد نے ریاست میں پرامن اور مؤثر انتخابی مہم چلانے کے عزم کا اظہار کیا۔











