اسلام آباد ،13 جولائی(اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ سے نیو یارک چیمبر آف سمال بزنس کارپوریشن، امریکہ اور ساہیوال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے مشترکہ وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت بشپ ابراہام نذیر ڈینیئل اور نیو یارک چیمبر آف سمال بزنس کارپوریشن کے بانی عالمدار حسین شاہ نے کی، جبکہ وفد میں امریکہ، متحدہ عرب امارات اور قطر کے مختلف چیپٹرز کے نمائندوں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی شامل تھیں۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ نے کہا کہ حکومت سماجی تحفظ کے نظام کو مزید مؤثر، جامع اور شفاف بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت اس وقت ایک کروڑ دو لاکھ مستحق خاندان مستفید ہو رہے ہیں اور پروگرام کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کا مقصد صرف مالی امداد فراہم کرنا نہیں بلکہ مستحق افراد کو خود کفیل بنانا بھی ہے۔ اس مقصد کے لیے 165 ویمن ایمپاورمنٹ سینٹرز کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے، جبکہ نوجوانوں اور خواتین کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر مند بنانے کے لیے مختلف اداروں کے ساتھ اشتراک کو فروغ دیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی بینک کے تعاون سے پاکستان گرلز ایمپاورمنٹ پروگرام (PGEP) کے تحت انتہائی غریب خاندانوں کو بلاسود قرضے، روزگار کے پائیدار مواقع اور معاشی خودمختاری کے لیے معاونت فراہم کی جائے گی۔
وفد نے حکومت کے غربت کے خاتمے، سماجی تحفظ اور فلاحی اقدامات کو سراہتے ہوئے ہنرمندی کے فروغ، خواتین کے معاشی استحکام، سرمایہ کاری، نجی شعبے کے اشتراک اور کاروباری روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔











