اسلام آباد، 15 جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی صحت، ضوابط و ہم آہنگی سید مصطفیٰ کمال نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان چین فارماسیوٹیکل اینڈ ہیلتھ کیئر بی ٹو بی انویسٹمنٹ کانفرنس 17 اور 18 جولائی کو اسلام آباد میں منعقد ہوگی، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دواسازی اور صحت کے شعبے میں سرمایہ کاری، مشترکہ منصوبوں اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کو عملی شکل دینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کانفرنس وزارت قومی صحت، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (DRAP)، ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP)، بورڈ آف انویسٹمنٹ (BOI) اور بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانے کے تعاون سے منعقد کی جا رہی ہے۔
سید مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ اس کانفرنس کی تیاری کے لیے گزشتہ دو ماہ کے دوران وزارت،ڈریپ اور پاکستانی سفارت خانے نے مشترکہ طور پر کام کیا، جس کے نتیجے میں پاکستان اور چین کی 450 سے زائد کمپنیوں کو سرمایہ کاری کے مواقع کے لیے یکجا کیا گیا، جن میں 300 سے زائد پاکستانی اور 150 چینی کمپنیاں شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں فعال دواسازی اجزاء (APIs)، بایوٹیکنالوجی، ویکسین سازی، طبی آلات، جنیرک ادویات، کلینیکل ریسرچ اور روایتی و جڑی بوٹیوں پر مبنی ادویات سمیت اہم شعبوں میں مشترکہ سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کی منتقلی پر توجہ دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے پاکستان میں مقامی پیداوار، صنعتی استعداد اور صحت کے شعبے میں خود کفالت کو فروغ ملے گا۔











