وفاقی وزیر محمد حنیف عباسی کی ترکیہ میں ’ٹی سی ڈی ڈی تکنیک‘ کے ڈائریکٹر جنرل مصطفیٰ اوزدونر اور ان کی ٹیم سے ملاقات

2

استنبول،30جولائی  (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے ترکیہ کے ایریامان مانیٹرنگ سینٹر میں ’ٹی سی ڈی ڈی تکنیک‘ کے ڈائریکٹر جنرل مصطفیٰ اوزدونر اور ان کی ٹیم سے اہم ملاقات کی ہے۔ اس ملاقات کے دوران پاکستان اور ترکیہ کے درمیان جدید سگنلنگ، سینٹرلائزڈ ٹریفک کنٹرول، ڈیجیٹل آپریشنز اور ایم ایل ون  و ایم ایل تھری  کی جدید کاری کے لیے ترک تجربات سے استفادہ کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں اور ماہرین نے ٹرین آپریشنز، ٹریفک مینجمنٹ اور جدید ڈیجیٹل ریلوے نظام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر پاکستان اور ترکیہ کے ریلوے ماہرین کے درمیان تکنیکی تعاون، تربیت، تجربات کے تبادلے اور استعداد کار بڑھانے کے پروگرامز کو فروغ دینے پر مکمل اتفاق کیا گیا۔ملاقات میں ریلوے کے شعبے میں مصنوعی ذہانت ، پیش گوئی پر مبنی تجزیات اور سمارٹ ریلوے ٹیکنالوجیز میں باہمی تعاون کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے ریلوے سیفٹی، ایمرجنسی رسپانس اور موثر ٹرین آپریشنز میں ترک ماہرین کی جدید صلاحیتوں سے استفادہ کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔