راولپنڈی، 9 جولائی ( اے پی پی): دورہ ویسٹ انڈیز کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان ٹیسٹ سکواڈ کا پری سیریز ٹریننگ کیمپ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہو گیا ہے، جہاں کھلاڑیوں نے ہیڈ کوچ سرفراز احمد، بیٹنگ کوچ اسد شفیق اور باؤلنگ کوچ عمر گل کی زیرِ نگرانی تین گھنٹے طویل پہلے سیشن میں بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کی بھرپور ڈرلز کیں۔
کیمپ کے دوران کپتان بابر اعظم سمیت دیگر کھلاڑیوں نے پریکٹس وکٹوں پر نیٹس سیشن میں حصہ لیا، جبکہ ٹیم کی مزید تیاری کے لیے جمعہ اور ہفتہ کو دو روزہ انٹرا سکواڈ سناریو میچ بھی کھیلا جائے گا۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دو ٹیسٹ میچز 25 جولائی سے 10 اگست تک برائن لارا کرکٹ اکیڈمی (ٹوروبا) اور کوئینز پارک اوول (پورٹ آف سپین) میں کھیلے جائیں گے۔











