پاکستان کا کیوبا پر عائد پابندیاں اٹھانے کا مطالبہ

5

اقوام متحدہ، 08 جولائی (اے پی پی ): پاکستان نے کیوبا پر عائد اقتصادی، تجارتی اور مالیاتی پابندیوں کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان پابندیوں کا خاتمہ نہ صرف کیوبا کے عوام کو درپیش انسانی مشکلات میں کمی لانے میں مددگار ہوگا بلکہ انہیں ترقی اور خوشحالی کے حق سے مستفید ہونے کا موقع بھی فراہم کرے گا، جبکہ کثیرالجہتی تعاون اور بین الاقوامی اشتراک کے اصولوں کو بھی تقویت ملے گی۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں “ریاستہائے متحدہ امریکہ کی جانب سے کیوبا پر عائد اقتصادی، تجارتی اور مالیاتی پابندیوں کے خاتمے کی ضرورت” کے عنوان سے ہونے والے دوسرے (دوبارہ منعقدہ) مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب، سفیر عاصم افتخار احمد نے کیوبا اور اس کے عوام پر عائد پابندیوں کے منفی اثرات پر پاکستان کی تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے پاکستان کے کثیرالجہتی نظام اور اقوام متحدہ کے منشور کے بنیادی اصولوں سے دیرینہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ خودمختار مساوات اور باہمی احترام پر مبنی بین الاقوامی تعاون اور کثیرالجہتی روابط عالمی نظام کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یکطرفہ اقتصادی اقدامات، خصوصاً جب انہیں ترقی پذیر ممالک کے خلاف امتیازی انداز میں استعمال کیا جائے، ان بنیادی اصولوں سے متصادم ہیں۔

سفیر عاصم افتخار احمد نے اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں، بالخصوص تمام ریاستوں کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سیاسی آزادی کے احترام کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے باب ششم کے مطابق تنازعات کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے تمام فریقوں پر مکالمے اور سفارت کاری کے ذریعے مسائل کے حل کی کوششیں جاری رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔