چیئرمین سینیٹ سےمسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ کی ملاقات

6

اسلام آباد،10 جولائی ( اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے جمعہ کو یہاں   پارلیمنٹ ہاؤس  میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات، مسلم امہ کے اتحاد، عالمی امن، بین المذاہب ہم آہنگی، بین الپارلیمانی سفارت کاری، تجارت، سرمایہ کاری اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیئرمین سینیٹ نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب کے ساتھ اپنے تاریخی، برادرانہ، مذہبی اور ثقافتی تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا اور دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد، مشترکہ عقیدے اور دیرینہ تعاون پر استوار ہیں، جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سعودی عرب میں مقیم لاکھوں پاکستانی دونوں ممالک کے درمیان مضبوط پل کا کردار ادا کر رہے ہیں اور اپنی محنت، صلاحیتوں اور خدمات کے ذریعے نہ صرف سعودی عرب کی ترقی میں حصہ ڈال رہے ہیں بلکہ پاکستان کے بہترین سفیر بھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور اقتصادی تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، جن سے بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بطور اسپیکر قومی اسمبلی، وزیراعظم پاکستان اور چیئرمین سینیٹ سعودی عرب کے اپنے مختلف سرکاری دوروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان دوروں کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت ہوئی۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کے عوام حرمین شریفین سے والہانہ عقیدت رکھتے ہیں اور خانہ کعبہ اور مسجد نبوی ﷺ پوری امتِ مسلمہ کے ایمان اور روحانی وابستگی کا مرکز ہیں۔انہوں نے مسلم ورلڈ لیگ کی جانب سے امتِ مسلمہ کے اتحاد، اعتدال، بین المذاہب ہم آہنگی، اسلاموفوبیا کے خاتمے اور امن کے فروغ کے لیے کی جانے والی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ عالمی حالات میں مسلم دنیا کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اتحادِ امت، مشترکہ حکمت عملی، مؤثر سفارت کاری اور مضبوط بین الپارلیمانی روابط ناگزیر ہیں۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ مذاکرات، مفاہمت اور سفارت کاری کو تنازعات کے حل کا واحد مؤثر ذریعہ سمجھتا ہے اور خطے سمیت دنیا بھر میں امن، استحکام اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے اپنا مثبت اور تعمیری کردار جاری رکھے گا۔انہوں نے مسلم ممالک کے درمیان سفارتی روابط، پارلیمانی تعاون، عوامی روابط، تجارت، سرمایہ کاری، نوجوانوں کی ترقی، سائنسی تحقیق اور تعلیمی اشتراک کو مزید فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں منعقدہ بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس مسلم دنیا کے پارلیمانی تعاون کو نئی جہت دینے کی جانب ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوئی ہے۔

اس موقع پر مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی پرتپاک میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کے کردار کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم دنیا کا ایک انتہائی اہم اور باوقار برادر ملک ہے، جس نے ہمیشہ امتِ مسلمہ کے مفادات کے تحفظ اور عالمی امن کے فروغ میں مثبت کردار ادا کیا ہے۔

ڈاکٹر العیسیٰ نے کہا کہ حالیہ ایران۔امریکہ کشیدگی میں پاکستان نے نہایت مؤثر اور دانشمندانہ سفارتی کردار ادا کرتے ہوئے دونوں فریقوں کو مذاکرات کی میز پر لانے میں اہم کردار ادا کیا، جو پاکستان کی ایک بڑی سفارتی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مثبت کردار کو پوری دنیا میں سراہا جا رہا ہے اور اس سے نہ صرف پاکستان بلکہ پوری مسلم دنیا کا وقار بلند ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے یہ ثابت کیا ہے کہ مسلم ممالک دہشت گردی نہیں بلکہ امن، اعتدال، رواداری اور ہم آہنگی کے علمبردار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سمیت پوری مسلم دنیا کو پاکستان کی اس کامیاب سفارت کاری پر فخر ہے اور پاکستان نے عالمی سطح پر ایک ذمہ دار، بااعتماد اور مؤثر ریاست کے طور پر اپنی شناخت مزید مستحکم کی ہے۔

سیکرٹری جنرل مسلم ورلڈ لیگ نے کہا کہ موجودہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام ممالک کو مشترکہ حکمت عملی، مضبوط بین الاقوامی تعاون اور مؤثر عالمی قیادت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ اقوام متحدہ کو عالمی امن و سلامتی کے قیام میں اپنا کردار مزید فعال اور مؤثر بنانا چاہیے۔

ملاقات کے دوران سینیٹر بیرسٹر سید علی ظفر، سینیٹر بیرسٹر حامد خان، سینیٹر سیف اللہ سرور خان نیازی، سینیٹر مشعال اعظم، سینیٹر ناصر محمود بٹ، سینیٹر شہادت اعوان، سینیٹر ہدایت اللہ خان، سینیٹر عامر ولی الدین چشتی، سینیٹر حافظ عبد الکریم، سینیٹر الحاج محمد عمر گورگیج، سینیٹر جان محمد، سینیٹر عطا الحق، سینیٹر عبدالقادر، چیئرمین سینیٹ کی مشیر مصباح کھر بھی  موجود تھیں۔