راولا کوٹ،10جولائی(اے پی پی):ترجمان انتظامیہ پونچھ ڈویژن راولاکوٹ کے مطابق کالعدم ایکشن کمیٹی کے مسلح جتھوں نے راولاکوٹ اور گردونواح میں سڑکیں بند کر کے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔
مسلح افراد نے تمام بازاروں اور 5 اہم سڑکوں پر ناکے لگا کر درخت کاٹے اور پتھر پھینک کر راستے بند کر رکھے ہیں جس سے غذائی قلت پیدا ہو گئی ہے۔
کوئیڑہ پوٹھی ملوالاں کے مقام پر قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر مسلح شرپسندوں نے فائرنگ کی۔ جتھوں نے سڑکوں کے اطراف میں پوزیشنیں سنبھال کر ہزاروں گولیاں چلائیں اور جدید اسلحہ استعمال کیا۔
شرپسندوں نے مساجد میں جا کر لوگوں کو اشتعال دلانے کے اعلانات کیے۔ ایک ماہ سے راستے روک کر پورے گاؤں کو یرغمال بنایا اور مساجد و ہائی سکول کی عمارتوں پر قبضہ کیا ہوا تھا۔
آج قانون نافذ کرنے والے اداروں نے باغ-راولاکوٹ روٹ کھلوانے کے لیے سڑکوں سے درخت اور ملبہ ہٹانے کا آغاز کیا۔ شدید مزاحمت کے بعد باغ راولاکوٹ روٹ کلیئر کروا دیا گیا ہے۔ دیگر روٹس بھی کلیئر کیے جائیں گے۔ تاجر انٹرا ٹرانسپورٹرز کوہالہ کے راستے اشیاء خوردونوش لا سکتے ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈرائیور اشیاء خوردونوش لانے سے ڈرتے ہیں کیونکہ شرپسند ان کے ساتھ تحقیر آمیز سلوک کرتے ہیں۔ ویڈیوز سے شرپسندوں کی شناخت جاری ہے اور معاونت کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہو رہی ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے بلیک میلنگ، جتھہ بندی، اسلحہ برداری اور راستوں کی بندش کے خلاف موثر کارروائی کر رہے ہیں۔ انہوں نے مقامی اور نیشنل میڈیا سے اپیل کی کہ حقائق جانے بغیر ایسے افراد کو مظلوم ثابت نہ کیا جائے جنہوں نے ہر راستے اور پہاڑی پر مسلح جتھے بٹھا رکھے ہیں۔











