کمشنر ملتان کا ممکنہ سیلاب اور مون سون کے پیش نظر ڈویژن بھر میں ہائی الرٹ، تمام اضلاع کو حفاظتی و ہنگامی انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت

3

ملتان: 29 جولائی،(اے پی پی ): کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے ممکنہ سیلابی صورتحال اور مون سون بارشوں کے پیش نظر ڈویژن بھر کے تمام اضلاع کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگرچہ آئندہ چند روز میں کسی بڑے سیلاب کی پیش گوئی نہیں، تاہم دریاؤں کی صورتحال اور موسم پر مسلسل کڑی نظر رکھی جائے۔ انہوں نے تمام فلڈ بندوں، حفاظتی پشتوں، ریسکیو انتظامات اور انخلا کے منصوبوں کو ہر وقت فعال رکھنے کا حکم دیا۔

کمشنر نے ہدایت کی کہ دریائی علاقوں کی تمام آبادیوں اور بستیوں کا ریکارڈ اپ ڈیٹ رکھا جائے، ریلیف کیمپس اور انخلا پوائنٹس الگ الگ مقرر کیے جائیں، جبکہ بروقت اعلانات، عوامی آگاہی اور محفوظ انخلا کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے لائیو اسٹاک کی سو فیصد ویکسینیشن، چارے کی دستیابی اور ممکنہ زرعی نقصانات کی تحصیل وار رپورٹ فوری تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔

عامر کریم خاں نے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ سے نمٹنے کے لیے واسا کو تمام ڈسپوزل اسٹیشنز اور پمپ مکمل استعداد کے ساتھ فعال رکھنے، بارش کے پانی کی نکاسی کے منصوبے جلد مکمل کرنے اور نکاسی کا دورانیہ مزید کم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اربن فلڈنگ کے خاتمے کے لیے واسا کو اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے فراہم کیے ہیں، اس لیے یو جی ایس ٹی منصوبوں میں تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور صرف تعمیر نہیں بلکہ انہیں فوری طور پر آپریشنل بھی کیا جائے۔

کمشنر نے واضح کیا کہ گزشتہ سال کے سیلاب سے حاصل ہونے والے تجربات پر مکمل عملدرآمد کیا جائے، مین ہولز پر حفاظتی جالیاں نصب کرنے کا عمل تیز کیا جائے، جبکہ سیلاب اور مون سون کے دوران کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔