گراس روٹ لیول پر شطرنج کے کھیل کو فروغ دینے کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت (لیٹر آف انٹینٹ) پر دستخط

5

اسلام آباد،13 جولائی (اے پی پی):وزیر اعظم یوتھ پروگرام اور چیس فیڈریشن آف پاکستان کے درمیان گراس روٹ لیول پر شطرنج کے کھیل کو فروغ دینے کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت (لیٹر آف انٹینٹ) پر دستخط کیے گئے ہیں۔

تقریب میں چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد اور صدر پاکستان چیس فیڈریشن ذیشان نقوی نے شرکت کی۔ معاہدے کے تحت ملک بھر کے اسکولوں اور کالجوں میں شطرنج اور سکریبل کے مقابلے منعقد کروائے جائیں گے اور مشترکہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے ذریعے سامنے آنے والے نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی ایونٹس میں شرکت کے لیے بھرپور معاونت فراہم کی جائے گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا مشہود احمد نے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دی اور کہا کہ موجودہ دور میں ذہنی نشوونما کے لیے شطرنج کا کردار انتہائی اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف کی قیادت میں ملکی ترقی، تعلیم، آئی ٹی، آرٹ اور کھیلوں کے فروغ کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے جس کے تحت جلد میرٹ پر ہاکی لیگ کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔