آئی ایس پی آر کا پاکستان-ترکیہ دوستی پر خصوصی نغمہ “دو دل ایک جان” جاری، ترک میڈیا پر بھرپور پذیرائی

2

اسلام آباد، 31 اگست (اے پی پی):ترکیہ کے یومِ فتح “زَفَر بایرامی” کے موقع پر آئی ایس پی آر نے پاکستان اور ترکیہ کی برادرانہ دوستی کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے خصوصی نغمہ “دو دل ایک جان” جاری کر دیا۔

نغمے کی ریلیز کے بعد اسے ترکیہ کے اہم ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔

ترکیہ کے معروف نشریاتی ادارہ ٹی آر ٹی نیٹ ورک نے اپنے سوشل میڈیا پر نغمہ اپ لوڈ کر کے دونوں ممالک کے ثقافتی تعلقات کو اجاگر کیا۔

ترکیہ کی معروف خبر رساں ایجنسی انادولو نے بھی مختلف زبانوں کے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر نغمے کی ثقافتی پیشکش کو سراہا۔

معروف ترک اخبارات شَفَق اور صباح کے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز نے بھی ویڈیو کو نمایاں کرتے ہوئے پاک-ترک ثقافتی امتزاج کو اجاگر کیا۔

یوٹیوب، ایکس، انسٹاگرام اور ٹک ٹاک پر نغمے کے مختصر کلپس کو خاص پذیرائی ملی، خصوصاً پاکستانی اور ترک روایتی سازوں کے امتزاج کو ناظرین نے بہت پسند کیا۔

“دو دل ایک جان” کی خوبصورت پیشکش پاکستان اور ترکیہ کے مضبوط عوامی، ثقافتی اور برادرانہ رشتے کی عکاس بن گئی ہے۔