آسان ٹیکس سکیم کا مقصد تاجروں اور دکانداروں کے لیے ٹیکس نظام کو سہل بنانا ہے، بلال اظہر کیانی

1

اسلام آباد،19اگست  (اے پی پی):وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ آسان ٹیکس سکیم کا مقصد تاجروں اور دکانداروں کے لیے ٹیکس نظام کو مزید سہل بنانا اور انہیں ٹیکس نیٹ میں شمولیت کے لیے آسان سہولیات فراہم کرنا ہے۔

وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے بدھ کو وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب، چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال، ممبر ایف بی آر حامد عتیق اور تاجر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ آسان ٹیکس ایپ کے ذریعے نئے اور پہلے سے ٹیکس نظام میں شامل دکانداروں کو رجسٹریشن اور ٹیکس ادائیگی کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دکانداروں کے لیے رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنانے کے ساتھ ساتھ ضروری سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی، جبکہ ایپ کو مزید مقامی زبانوں میں بھی متعارف کرانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

بلال اظہر کیانی نے کہا کہ سکیم کی تیاری کے دوران تاجر رہنماؤں سے مشاورت کی گئی اور ان کی تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے سکیم کو حتمی شکل دی گئی۔ حکومت کا مقصد مشاورت اور سہولت کے ذریعے تاجروں کو ٹیکس نظام کا حصہ بنانا ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ آسان ٹیکس سکیم کے ذریعے چھوٹے تاجروں کو سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ٹیکس نظام کو مزید آسان اور کاروبار دوست بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔