لاہور، 17 اگست 🙁 اے پی پی ) مینجنگ ڈائریکٹر ہارٹیکلچر ایجنسی لاہور احمد عثمان جاوید نے مختلف ڈائریکٹوریٹس کا اچانک دورہ کیا اور ادارے کے انتظامی، فیلڈ اور عوامی سہولیات سے متعلق امور کا جائزہ لیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمن سونیا کلیم اور ڈائریکٹر کوآرڈی نیشن فرح دیبا نے ایم ڈی احمد عثمان جاوید کو مختلف امور اور جاری سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔
ڈائریکٹر مارکیٹنگ نعیم افضل اور حسان الحق نے ریونیو اہداف، ریکوری اور مارکیٹنگ ڈائریکٹوریٹ کی کارکردگی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ایم ڈی احمد عثمان جاوید نے میڈیکل سنٹر کا بھی دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران سے ضروری امور پر بریفنگ لی۔بعد ازاں ایم ڈی احمد عثمان جاوید کی زیر صدارت مارکیٹنگ ڈائریکٹوریٹ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں اے ایم ڈی تسلیم اختر راؤ نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں ریونیو اہداف، ریکوری، فیلڈ مانیٹرنگ اور اشتہارات سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈی احمد عثمان جاوید نے کہا کہ مارکیٹنگ ڈائریکٹوریٹس کا کردار نہایت اہم ہے، ادارے کی آمدن میں اضافے اور ریونیو اہداف کے حصول کے لیے مؤثر حکمت عملی اختیار کی جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ مارکیٹنگ انسپکٹرز کی فیلڈ میں موجودگی یقینی بنائی جائے اور برانڈز، شاپس اور ڈیلیوری وہیکلز کا جامع سروے کیا جائے تاکہ ریونیو کے دائرہ کار کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
احمد عثمان جاوید نے کہا کہ افسران اور فیلڈ اسٹاف کارکردگی بہتر بنائیں، ادارے کی جانب سے سہولیات کو مزید بہتر کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہر میں غیر قانونی ایڈورٹائزمنٹ کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ایم ڈی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ فیلڈ سرگرمیوں کی مؤثر نگرانی، ریونیو ریکوری میں بہتری اور ادارہ جاتی کارکردگی میں اضافے کے لیے مربوط اقدامات یقینی بنائے جائیں۔











