باغ: مسلم لیگ (ن) کا بڑا عوامی جلسہ، ہزاروں کارکنوں کی شرکت

3

باغ،8 اگست ( اے پی پی): مسلم لیگ (ن) کے زیر اہتمام انتخابی مہم کے سلسلے میں باغ میں بڑا عوامی جلسہ ہوا جس میں ہزاروں کارکنوں نے شرکت کی۔ وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ، وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام، مسلم لیگ (ن) کے امیدوار مشتاق منہاس، سردار میر اکبر اور دیگر پارٹی رہنما جلسے میں شریک ہوئے۔

وفاقی رہنماؤں کی آمد پر کارکنوں نے پرتپاک استقبال کیا اور مسلم لیگ (ن) کے حق میں زبردست نعرے بازی کی۔

مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر سمیت نومنتخب ارکان اسمبلی بھی جلسے میں موجود تھے، جبکہ سردار انجینئر عمیر نعیم ایڈووکیٹ، شعیب عابد، راجہ افتخار اور سردار طارق محمود نے بھی شرکت کی۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام نے کہا کہ آج باغ میں مسلم لیگ (ن) نے اپنی بھرپور سیاسی طاقت کا مظاہرہ کیا ۔امیر مقام نے کہا کہ آزاد کشمیر کی عوام نے مسلم لیگ (ن) کی ترقیاتی پالیسیوں پر اعتماد کیا اور نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز کی عوامی خدمت پر اعتماد کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی پانچ سالہ آئینی مدت مکمل کرے گی جبکہ احتجاج کے بجائے مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے نکالا جا سکتا ہے۔

امیر مقام نے کارکنوں اور عوام سے اپیل کی کہ 10 اگست کو شیر کے انتخابی نشان پر مہر لگا کر مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو کامیاب کریں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں واضح اکثریت حاصل کر چکی ہے اور باغ کی تمام نشستوں پر بھی کامیاب ہوگی۔ ان کے مطابق مرکز میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہے اور آزاد کشمیر میں بھی ن لیگ حکومت بنائے گی۔

انہوں نے باغ اور حویلی کے عوام سے کیے گئے تمام وعدے پورے کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی عوام نے ثابت کیا کہ وہ جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں۔ امیر مقام نے باغ کو شہداء اور غازیوں کی سرزمین قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں آکر انہیں دلی خوشی محسوس ہو رہی ہے۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر کا رشتہ لازوال ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب کشمیری کہتے ہیں ’’ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے‘‘ تو 25 کروڑ پاکستانیوں کے دل ان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیری صرف پاکستانی نہیں بلکہ پاکستان کے مالک بھی ہیں۔

‎رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج میں کشمیریوں کی نمایاں نمائندگی موجود ہے۔ ان کے مطابق تحریک آزادی کشمیر دراصل پاکستان کی تکمیل کی جدوجہد ہے اور کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، یہ عقیدہ ہر پاکستانی کے ایمان کا حصہ ہے۔

‎انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستانیوں اور کشمیریوں کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنے کی سازش کر رہا ہے، تاہم بھارت کے عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پاکستان کشمیر ہے اور کشمیر پاکستان ہے۔

‎رانا ثناء اللہ نے کہا کہ دو روز بعد باغ سے مزید شیر کامیاب ہو کر اسمبلی پہنچیں گے اور مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں دو تہائی اکثریت سے حکومت بنائے گی۔ ان کے مطابق عوام کا اعتماد نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز کی قیادت کا اعتراف ہے۔انہوں نے پنجاب میں ہمت کارڈ، بلاسود قرضوں اور جدید ٹرانسپورٹ جیسے منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت کے پنجاب ماڈل کو آزاد کشمیر میں بھی آگے بڑھائے گی۔

  ایکشن کمیٹی کے مطالبات کے حوالے سے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ  مسلم لیگ (ن) دو تہائی اکثریت سے حکومت بنانے کے بعد تمام منتخب نمائندوں سے مشاورت کرے گی اور عوامی مسائل کا حل مسلم لیگ (ن)کی حکومت کی اولین ترجیح ہوگا۔

‎جلسے میں ہزاروں کارکنوں نے شرکت کرکے مسلم لیگ (ن) کی قیادت سے بھرپور وابستگی کا اظہار کیا۔