جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ ملتان میں جشنِ آزادی کی مرکزی تقریب، اقلیتی برادری کی خصوصی شرکت

3

ملتان، 14 اگست(اے پی پی): جنوبی پنجاب میں جشنِ آزادی پاکستان کی مرکزی تقریب جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ ملتان میں منعقد ہوئی، جس کے مہمان خصوصی ایڈیشنل چیف سیکریٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی تھے۔

تقریب کا آغاز سائرن بجا کر، ایک منٹ کی خاموشی اور پرچم کشائی سے ہوا۔ ایڈیشنل چیف سیکریٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی نے اقلیتی برادری کے نمائندگان اور دیگر مہمانوں کے ہمراہ قومی پرچم سربلند کیا۔ پنجاب پولیس، ریسکیو 1122 اور بوائز سکاؤٹس کے چاق و چوبند دستوں نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی۔

تقریب میں جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کے افسران و ملازمین، نیب افسران، سول سوسائٹی، طلبہ و طالبات اور اقلیتی برادری کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر جشنِ آزادی اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر اقلیتی برادری کے قومی ہفتہ تقریبات کی مناسبت سے کیک کاٹے گئے۔

مختلف سرکاری سکولوں کے طلبہ نے ملی نغمے پیش کیے جبکہ  ‘‘سرسبز پاکستان’’ مہم کے تحت جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کے احاطے میں شجرکاری بھی کی گئی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکریٹری فواد ہاشم ربانی نے کہا کہ پاکستان کا یومِ آزادی خوشی، فخر، تشکر اور تجدیدِ عہد کا دن ہے۔ قائداعظم محمد علی جناح کے 11 اگست 1947ء کے نظریات کے مطابق پاکستان میں اقلیتوں کو مساوی حقوق اور مکمل آزادی حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے، نوجوان اپنی صلاحیتیں ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے وقف کریں۔ انہوں نے کہا کہ آزادی سے لے کر ملکی تعمیر و ترقی تک تمام اسٹیک ہولڈرز کا کردار قابلِ تحسین ہے۔

ایڈیشنل چیف سیکریٹری نے کہا کہ عوام کو موثر، شفاف اور بروقت سرکاری خدمات کی فراہمی جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کی اولین ترجیح ہے، جبکہ معاشرے سے کرپشن اور دیگر سماجی برائیوں کے خاتمے کے لیے بھی بھرپور کردار ادا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

تقریب کے اختتام پر اقلیتی برادری کے نمائندگان نے ایڈیشنل چیف سیکریٹری جنوبی پنجاب کو خصوصی سووینئر پیش کیا۔