اسلام آباد،9اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ کو پاکستانی عوام کے لیے باعثِ عزت اور قابلِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تین اہم ممالک کا امن و سلامتی کے لیے اکٹھا ہونا قابلِ فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کا باہمی تعاون کسی بھی قسم کی جارحیت کی روک تھام کے لیے ہےجبکہ تینوں ممالک کا اکٹھا ہونا اپنے خطے کو امن میں رکھنے کے عزم کا مظہر ہے۔
اویس لغاری نے کہا کہ تینوں ممالک آئندہ مل کر ایک دوسرے کے تحفظ اور حفاظت کے لیے کام کریں گے اور حرمین الشریفین، ترکیہ کی عوام اور پاکستان کی عوام کی حفاظت کو یقینی بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم فولادی دیوار بن کر ہر دشمن کی جارحیت کا مل کر مقابلہ کریں گے،تینوں ممالک کی قوت یکجا ہونے سے کوئی بھی جارحانہ قدم اٹھانے کی جرات نہیں کرے گا۔وفاقی وزیر نے پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے عوام اور حکمرانوں کو اس اتحاد پر مبارکباد دیتے ہوئے دعا کی کہ اللّہ تعالیٰ پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے اس اتحاد کو ہمیشہ قائم و دائم رکھے۔











