لاہور یکم اگست:( اے پی پی ) سیکرٹری/چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا ہے کہ حضرت علی ہجویری رحمۃ اللہ علیہ المعروف حضرت داتا گنج بخشؒ کے 983ویں سالانہ عرس مبارک کی تین روزہ تقریبات آج (2 تا 4 اگست) سے عقیدت و احترام کے ساتھ شروع ہو رہی ہیں، جن میں لاہور، ملک بھر اور بیرونِ ملک سے لاکھوں عاشقانِ رسول ﷺ اور زائرین شرکت کریں گے۔ انہوں نے اپنے دورے کے دوران دودھ سبیل، زائرین لنگر کے لیے قائم مارکی، لنگر اور سماع کے انتظامات کا تفصیلی معائنہ و جائزہ لینے کے بعد کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات اور چیف سیکرٹری پنجاب کی مسلسل نگرانی میں محکمہ اوقاف نے فول پروف سیکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ، خصوصی پارکنگ، صاف پانی کی سبیلوں، لنگر کی منظم تقسیم، طبی کیمپوں، ایمبولینس سروس، کنٹرول روم، ہیلپ ڈیسک، رہنمائی مراکز، خواتین، بزرگ شہریوں اور خصوصی افراد کے لیے الگ سہولیات سمیت تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں تاکہ زائرین کو ہر ممکن سہولت اور پُرامن روحانی ماحول میسر آ سکے۔ اجلاس میں ڈی جی مذہبی امور پنجاب حافظ انیس الرحمن، اوقاف، داتا دربار، ضلعی انتظامیہ اور سکیورٹی اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ عرس کے تینوں روز قرآن خوانی، ختمِ خواجگان، محافلِ نعت، محافلِ سماع، قوالی، ذکر و اذکار، علمی و روحانی کانفرنسیں، مسابقۂ حسنِ قرأت، نعت خوانی اور خصوصی دعاؤں سمیت مختلف دینی و روحانی تقریبات منعقد ہوں گی جن میں جید علماء کرام، مشائخ عظام، مذہبی سکالرز، قراء، نعت خواں اور قوال حضرات شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت داتا گنج بخشؒ کی تعلیمات محبتِ الٰہی، عشقِ رسول ﷺ، امن، رواداری، اخوت، اتحادِ امت اور خدمتِ خلق کا لازوال پیغام دیتی ہیں، جبکہ حکومت پنجاب کے وژن کے مطابق داتا دربار کو جدید سہولیات سے آراستہ مثالی ماڈل دربار بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ صفائی، سیکیورٹی، ٹریفک، طبی امداد، پارکنگ، سبیلوں، لنگر اور دیگر عوامی سہولیات میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، کیونکہ لاکھوں زائرین کی خدمت محکمہ اوقاف کے لیے اعزاز بھی ہے اور قومی و دینی ذمہ داری بھی۔











