خانیوال: سہولت بازار میں جشن عید میلاد النبیؐ کی پروقار محفلِ نعت، دلکش لائٹنگ سے پورا بازار جگمگا اٹھا

0

خانیوال،27 اگست (اے پی پی): جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مبارک موقع پر سہولت بازار خانیوال میں ایک عظیم الشان محفلِ نعت اور تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں عاشقانِ رسول کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کا انعقاد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے روشن ویژن اور چیئرمین سہولت بازار اتھارٹی ملک افضل کھوکھر کی خصوصی ہدایت پر کیا گیا۔

محفلِ نعت کے دوران جید علمائے کرام نے سیرتِ طیبہ پر مفصل روشنی ڈالی اور نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم   کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر معروف ثناء خوانانِ مصطفیٰ نے بارگاہِ رسالت مآبؐ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے، جس سے فضائیں درود و سلام کی صداؤں سے گونج اٹھیں۔

اس بابرکت موقع پر سہولت بازار کو رنگ برنگی دلکش لائٹنگ اور قمقموں سے سجایا گیا تھا، جس نے جشن کے سماں کو مزید دوبالا کر دیا۔

تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سہولت بازار کے تاجران محمد کاشف، راؤ محمد عارف اور محمد زبیر نے کہا کہ جشن عید میلاد النبیؐ منانے کا اصل مقصد عوام الناس کو نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی سیرتِ مطہرہ اور ان کی عالمگیر تعلیمات سے روشناس کرانا ہے۔ تقریب کے اختتام پر امتِ مسلمہ کی سلامتی اور ملک و قوم کی ترقی کے لیے بالخصوص دعائیں کی گئیں۔