راولاکوٹ،19 اگست (اے پی پی):آزاد جموں و کشمیر میں انتخابات کے لیے ڈیوٹی پر مامور ہائی وے پولیس کے 8 اہلکار اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے کر واپس لوٹ رہے تھے کہ راولاکوٹ کے قریب کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی سے وابستہ مسلح عناصر نے انہیں اغوا کر کے یرغمال بنا لیا۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں تمام 8 اہلکاروں کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا ہے۔ اہلکاروں کی بازیابی کو ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
بازیاب ہونے والے اہلکاروں نے بتایا کہ ہم آزاد کشمیر کے حالیہ انتخابات میں ڈیوٹی کی ذمہ داریاں سرانجام دے کر واپس لوٹ رہے تھے کہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی سے وابستہ مسلح جتھوں نے ہمیں گھیر کر یرغمال بنا لیا۔دورانِ حراست ہمارے ساتھ انتہائی پُرتشدد رویہ اختیار کیا گیا۔ اغوا کاروں کے پاس جدید اسلحہ، ہتھیار اور دستی بم بھی موجود تھے۔
اہلکاروں کے مطابق ہم پر زبردستی پاکستان اور پاک فوج مخالف نعرے لگوانے کی کوش کی گئی۔انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے دھرنے میں خواتین اور بچوں کو ڈھال بنا کر اپنے مسلح جتھوں کو چھپا رکھا ہے۔ ان کا اصل ایجنڈا عوامی فلاح نہیں بلکہ ریاست مخالف اور تشدد پر مبنی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ کالعدم کمیٹی کی قانون شکنی، تشدد اور جتھہ ذہنیت کو بے نقاب کرتا ہے۔اہلکاروں کی بحفاظت بازیابی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ریاست اپنے اہلکاروں اور شہریوں کے تحفظ اور قانون کی عمل داری کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔
حکام نے کہا کہ واقعے میں ملوث تمام شرپسند عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی ناگزیر ہے۔











