راولپنڈی میں حنا جاوید کے بہیمانہ قتل کی اسپیکر قومی اسمبلی کی شدید مذمت

3

اسلام آباد، 24 اگست(اے پی پی): اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے راولپنڈی کی رہائشی حنا جاوید کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کی ہے۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ حنا جاوید کا قتل ایک انتہائی افسوسناک اور المناک واقعہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مرحومہ حنا جاوید قومی اسمبلی میں نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تحت 2019 سے جون 2026 تک اپنے فرائض انجام دیتی رہیں۔

اسپیکر نے حنا جاوید کے قتل کا نوٹس لینے پر وومن پارلیمنٹری کاکس کے کردار کو سراہتے ہوئے کیس کی نگرانی کے لیے قومی اسمبلی کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اسپیکر نے حنا جاوید کے بہیمانہ قتل کا نوٹس لینے پر وومن پارلیمنٹری کاکس کے کردار کو سراہا۔

انہوں نے مرحومہ کے قتل کا معاملہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کو بھجواتے ہوئے کمیٹی کو ہدایت کی کہ المناک واقعے کی رپورٹ ایوان میں پیش کی جائے۔

سردار ایاز صادق نے حنا جاوید کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے قومی اسمبلی کے ایوان میں مرحومہ کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کرائی۔

اسپیکر نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل دے۔